واشنگٹن۔ پہلی مسلم امریکی ایتھلیٹ کو امریکی ایئر پورٹ پر حراست میں لیا گیا۔ حجاب پہن کر اولمپکس میں حصہ لینے والی پہلی امریکی تلوارباز ابتهاج محمد نے کہا کہ ان کو بغیر کوئی وجہ بتائے امریکی کسٹم حکام نے دو گھنٹے کے لئے حراست میں لیا۔
ابتهاج نے کہا کہ وہ نہیں جانتی کہ انہیں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ انتظامیہ کی سفری پابندی کی وجہ سے حراست میں لیا گیا تھا یا نہیں۔ لیکن انہیں پورا بھروسہ ہے کہ انہیں ان کے مذہب کی وجہ سے حراست میں لیا گیا۔
انہوں نے کیلی فورنیا میں پوپ شوگر ویب سائٹ سے کہا کہ میں نہیں جانتی کہ ایسا کیوں ہوا۔ میں نہیں بتا سکتی کہ میرے ساتھ ایسا کیوں ہوا، لیکن میں جانتی ہوں کہ میں مسلمان ہوں۔ میرا عربی نام ہے۔ یہاں تک کہ میں امریکی ٹیم کی نمائندگی کرتی ہوں اور میں اولمپین ہوں، لیکن اس سے آپ کس طرح نظر آتے ہو اور لوگ آپ کو کس طرح سے لیتے ہیں، اس میں تبدیلی نہیں ہوتی۔ ابتهاج نے گزشتہ سال ریو اولمپکس میں ٹیم سابرے میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ وہ اولمپکس میں میڈل جیتنے والی پہلی خاتون مسلمان امریکی کھلاڑی بنی تھیں۔