نئی دہلی۔ سماج وادی پارٹی میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو اور انکے چچا شیو پال یادو کے درمیان جاری تنازعہ کا ازالہ ابھی پوری طرح سے ہو بھی نہیں سکا تھا کہ پارٹی کے سینئر لیڈر امر سنگھ نے استعفے کی پیشکش کر دی۔ راجیہ سبھا کےرکن امر سنگھ نے کہا کہ انکی توہین کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو سے گفتگو کرکے آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گے۔
امر سنگھ نے مزید کہا کہ راجیہ سبھا نے ہم کو گونگا بہرابنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سماج وادی نہیں ملا ئم وادی ہیں۔ یہ طے کرنا ہوگا کہ ملائم سنگھ نیتا ہیں یا نہیں۔میں دوبارہ سماج وادی پارٹی میں ملائم سنگھ کی وجہ سے آیا تھا۔ ان سے بات کرنے کے آئندہ کی حکمت عملی بنائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ انکے ساتھ جیا پردا، بلرام یادو اور شیو پال یادو کی بھی توہین کی جا رہی ہے۔ امر سنگھ نے کہاکہ انکے لئے سیاست کے بجائے ذاتی رشتے معنی رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ اکھلیش حکومت میں وہی لوگ عیش کر رہے ہیں جو مایاوتی کی حکومت میںکر رہے تھے۔