نئی دہلی۔ امر سنگھ کے مطابق سماج وادی پارٹی میں انکی حالت ادھر ککنواں ادھر کھائی جیسی ہے۔ اتر پردیش اسمبلی کے پہلے مرحلے کی جاری ووٹنگ کے درمیان صاحب آباد اسمبلی حلقہ میں ووٹ ڈالنے پہنچے ایس پی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ امر سنگھ نے کہا کہ سماج وادی پارٹی میں ان کی حیثیت ‘ادھر کنواں ادھر کھائی’ والی ہو گئی ہے۔ امر سنگھ نے سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش کا نام لئے بغیر ان پر نشانہ لگایا اور کہا کہ دکھ کی گھڑی میں وہ ہمیشہ ان کے ساتھ تھے، لیکن سکھ کے وقت انہوں نے پرایا بنا دیا۔
امر سنگھ نے اداکار امیتابھ بچن کو بھی نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ جب ان کا گھر فروخت ہونے والا تھا تو میں نے ان کی مدد کی تھی۔ لیکن اب وہ بھی مجھے بھول گئے۔ ملائم سے دوری کے سوال پر امر نے کہا کہ میں ملائم سے نہیں ملتا تو آپ کہتے ہیں دوری ہو گئی ہے، ملتا ہوں تو اکھلیش کہتے ہیں کہ میں نے نیتا جی کو بھڑکا دیا۔ اس لئے میں کہنا چاہتا ہوں کہ اگر ملائم سنگھ جی کو مجھ سے ملنا ہو تو وہ اپنے قومی صدر اکھلیش یادو سے اجازت لے کر ملیں۔ خود اکھلیش بھی اپنے قاصد کو ملاقات کے وقت موجود رکھیں، تاکہ میٹنگ کے بعد کوئی بتنگڑ نہ بنے۔
وزیر اعلی اکھلیش یادو پر نشانہ لگاتے ہوئے امر نے کہا کہ مجھے کھلنایک کی طرح پیش کیا گیا۔ ماں بہن کی گالیاں دی گئیں۔ بزرگوں کی توہین ہندوستان کی روایت نہیں ہے۔ اکھلیش یاد کریں کہ رام کا احترام اس وجہ سے ہوتا ہے، کیونکہ انہوں نے باپ کے کہنے پر اقتدار چھوڑ بن باس جانا قبول کیا۔