نئی دہلی: کل صبح چنئی سے پورٹ بلیئر کے لئے روانہ ہونے والے ہندوستانی فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے اے این ۔32 کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہے ۔
ایئر فورس کے ذرائع کے مطابق طیارے میں عملے کے 6 اراکین سمیت مجموعی طورپر 29 افراد سوار ہیں۔ اس طیارے نے صبح تقریبا ساڑھے سات بجے چنئی میں واقع فضائیہ کے تامبرم ہوائی اڈے سے پرواز کی تھی۔فضائیہ کے مطابق طیارے کو ساڑھے گیارہ بجے پورٹ بلیئر اترنا تھا لیکن یہ ابھی وہاں نہیں پہنچا ہے ۔
ایئر فورس نے اب تک طیارے کے لاپتہ ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ابھی اس کو لاپتہ نہیں کہا جا سکتا۔ وہ اسے تکنیکی زبان میں ‘اوورڈیو’ بتا رہی ہے ۔ ایئر فورس نے کہا کہ طیارے کو تلاش کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق طیارے کا پتہ لگانے کے لئے بحریہ، کوسٹ گارڈ اور فضائی فوج نے خلیج بنگال میں جامع تلاش مہم شروع کر دی ہے ۔ بحریہ نے اپنی چارآبدوزوں اور جاسوس طیاروں کو مہم میں لگا دیا ہے ۔