لکھنؤ’:اترپردیش میں حکمراں سماجوادی پارٹی میں جاری کشمکش پر طنز کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے محض دکھاوا قرار دیتے ہوئے اسے مسائل سے توجہ ہٹانے اور وزیر اعلی کی امیج بلڈنگ قرار دیا ہے ۔بی جے پی کے ریاستی صدر کیشو پرساد موریہ نے آج یہاں کہا کہ سماج وادی حکومت ہر محاذ پر ناکام ہوگئی ہے ۔ اس لئے عوام کی توجہ مسائل سے ہٹانے کے لئے پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو اپنے وزیر اعلی بیٹے کی شبیبہ کو بہتر کرنا چاہتے ہیں اور اسی وجہ سے اس طرح کے واقعات کو انجام دیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسٹر یادو نے وزیروں پر بدعنوانی اور زمین پر قبضے کے سلسلے میں کئی بار الزام لگایا ہے ۔ وہ اس بات کا اعتراف کرچکے ہیں کہ حکومت میں شامل لوگ عوام کی صحیح خدمت نہیں کررہے ہیں۔ اس کے باوجود ریاست کے 22کروڑ عوام کے ساتھ ناانصافی کیوں کی جارہی ہے ۔ سماج وادی پارٹی کے صدر کو اگر ایسا لگتاہے کہ مسٹر اکھلیش یادو حکومت چلانے میں ناکام رہے ہیں تو وہ انہیں مستعفی ہونے کے لئے کیوں نہیں کہتے ۔
مسٹر موریہ نے کہا کہ دیپک سنگھل کی بطور چیف سکریٹری تعیناتی وزیر اعلی نے ہی کی تھی۔ انہیں اتنی جلدی کیوں ہٹایا گیا اور اب کے بارے میں طرح طرح کی باتیں کیوں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی کو یہ بتانا چاہئے کہ ناجائز کان کنی کی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے انکوائری کرائے جانے کے سلسلے میں الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم کو ملتوی کرانے کی کیوں کوشش کی گئی ۔بی جے پی کے صدر نے کہا کہ وزیر اعلی اگر بے داغ ہیں تو انہیں اسمبلی تحلیل کرنے کی سفارش کرنی چاہئے ۔انہوں نے حکومت کی ناکامی کو چھپانے کے لئے اسے محض ایک ڈرامہ قرار دیا۔ مسٹر موریہ نے کہا کہ عوام سماج وادی پارٹی کی حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں۔جرائم کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ حکومت ناکام ہے ‘ اس لئے اسمبلی الیکشن کا اعلان ہونا چاہئے ۔