نوادہ : بہار کے نوادہ میں ویجلنس ٹیم نے ایک سرمایہ دار افسر کا انکشاف کیا ہے۔ آمدنی سے زیادہ جائیداد کے معاملہ میں ویجلنس بیورو نے بدھ کی رات نوادہ ضلع کوآپریٹو افسر وکرم کمار جھا کے نوادہ، پٹنہ اور پورنیہ میں واقع چار ٹھکانوں پر ایک ساتھ چھاپہ ماری کی۔اس چھاپہ ماری میں کروڑوں کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کا انکشاف ہوا۔ صرف پورنیہ میں واقع جھا کے سسرال سے ہی ٹیم نے تقریبا 1.25 کروڑ روپے کیش برآمد کئے ۔ ویجلنس محکمہ کی ٹیم نے جب کوآپریٹو افسر وکرم کمار جھا کے پورنیہ میں واقع سسرال میں چھاپہ مارا ، تو نقدرقم دیکھ افسروں کے ہوش اڑ گئے۔ اس نے گھر کے صوفے سے لے کر دیوان مسہری تک میں نوٹوں کے بنڈل چھپا رکھے تھے۔
بہار میں ویجلنس کی چھاپہ ماری میں نقدرقم کی برآمدگی کا اب تک یہ سب سے بڑا واقعہ ہے۔ نگرانی کی چار ٹیموں نے وکرم کمار جھا کے چار ٹھکانوں پر ایک ساتھ چھاپے ماری کی کارروائی انجام دیں۔ جھا سمیت اس کے کنبہ کے نام پر کئی مقامات پر زمین اور تجوری کا بھی پتہ چلا۔ بتایا جاتا ہے کہ برآمد نوٹوں کو گننے کے لئے کی نگرانی کے افسروں کو مشین تک منگوانی پڑگئی ۔ پٹنہ میں دو جگہ، نوادہ میں ایک جگہ اور پورنیہ کے مدھوبنی میں واقع جے پرکاش کالونی میں وکرم جھا کے سسرال میں چھاپاماري کی کارروائی دیر رات تک جاری رہی۔ چھاپہ ماری میں ویجلنس کے دو سینئر ڈی ایس پی، انسپکٹر، خاتون ایس آئی سمیت کئی افسران شامل تھے۔