ولشائر گرینڈ سنٹر کی جانب سے جاری کردہ اس تصویر میں ایک کرین کے ذریعے ٹاور کے بالائی حصے پر 160 فٹ طویل اہرام کو رکھا جارہا ہے۔
امریکا کے شہر لاس اینجلس میں تعمیر ہونے والے ایک نَئے اسکائی اسکریپر کو دریائے مسیسیپی کے مغربی کنارے میں سب سے طویل قامت عمارت کا اعزاز حاصل ہو گیا ہے۔
تعمیراتی مزدوروں نے ہفتے کے روز ولشائر گرینڈ ٹاور کے بالائی حصے پر اہرام نما گنبد رکھا تھا۔ اس سے 73 منزلہ عمارت مزید 160 فٹ اونچی ہوگئی ہے اور اب اس کی کل اونچائی 1099 فٹ ہوگئی ہے۔
یہ اسکائی سکریپر نزدیک واقع یو ایس بنک ٹاور سے 81 فٹ بلند ہوگیا ہے۔ بنک ٹاور 1989ء سے سب سے طویل قامت عمارت کے ریکارڈ کا حامل تھا۔
ولشائر گرینڈ ٹاور کا ابھی کچھ تعمیراتی کام باقی ہے۔ ایک ارب ڈالرز مالیت کے اس ہوٹل اور دفاتر پر مشتمل کمپلیکس کو شیڈول کے مطابق اگلے سال مارچ میں کھولا جائے گا۔