نئی دہلی:ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے ہندوستان کو انتہائی تیز رفتار ٹرانسپورٹیشن کی ٹیکنالوجی کا اہم ذریعہ بنانے کاعندیہ ظاہر کرتے ہوئے ریلوے ماہرین سے آج کہا کہ وہ ایسی ٹیکنالوجی کو لائیں جس سے ملک کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک جانے میں 12 گھنٹے سے زیادہ نہیں لگیں۔مسٹر پربھو نے یہاں الٹرا ہائی سپیڈ رولنگ اسٹاک پر بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ٹرانسپورٹیشن ٹیکنالوجی میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے ۔ لوگوں کی توقع ہے کہ ان کے سفر میں کم سے کم وقت لگے ۔ ٹیکنالوجی کو لوگوں کی خواہشات کے مطابق بنانا ہوگا۔ریلوے کو ٹریفک کے سب سے زیادہ اہم ذرائع میں سے ایک سمجھا جاتا ہے ۔اس کی مانگ ہمیشہ رہتی ہے ۔مسافروں کی توقع بہتر سہولیات، تحفظ اور رفتار کو لے کر ہوتی ہیں۔ ریلوے کے وزیر نے کہا کہ لوگوں کا کہنا ہے کہ زیادہ رفتار کے لئے صرف بلٹ ٹرین ہی کیوں۔ یہ بات ذہن میں رکھ کر مشن رفتار شروع کی گئی ہے جس کے تحت تمام ٹرینوں کی آمد ورفت اور اوسط رفتار بڑھانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بہت کم وقت میں ہندوستانی ریلوے نے اس سمت میں قدم بڑھایا ہے ۔ٹرین کی رفتار کے ساتھ اس کے نفاذ میں بھی رفتار لائی جانی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک بڑھانے کیلئے رولنگ اسٹاک، ٹریک اور سگنلنگ نظام تینوں میں بہتری ضروری ہے ۔