بیڈمنٹن ایسو سی ایشن کا پچاس لاکھ دینے کا اعلان
نئی دہلی۔ بیڈمنٹن ایسو سی ایشن آف انڈیا کے چیئر مین ڈاکٹر اکھلیش داس گپتا نے ریو اولمپک میں پی وی سندھو کے ذریعے تاریخی چاندی کا تمغہ حاصل کرنے پر انہیں 50لاکھ روپے کا انعام دئے جانے کا اعلان کیا ہے۔ بائی نے درورنا چاریا ایوارڈ یافتہ پی گوپی چند کو بھی 10لاکھ روپے کا انعام دئے جانے کا اعلان کیا ہے جنکی تربیت سے سندھو یہ تاریخ ساز کامیابی حاصل کرسکیں۔ بائی کے چیئر مین کی جانب سے مینس سنگلس کےکوارٹر فائنل تک پہنچنے والے کدامبی شریکانت کو بھی10لاکھ روپے اور معاون اسٹاف کو 15لاکھ روپے کا انعام دئے جانے کا اعلان کیاگیا ہے۔دنیا کی دسویں نمبر کی کھلاڑی سندھو اسپین کی دنیا کی نمبر ایک کھلاڑی کیرولینا مرین سے ریو اولمپک میںایک سنسنی خیز مقابلہ میں 21-19،12-21اور15-21سے ہار گئی تھیں۔ بیڈمنٹن میں انڈیا کا یہ پہلا چاندی کا تمغہ ہے۔ سائنا نہوال نے لندن اولمپک میں ملک کےلئے پہلا کانسے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
ڈاکٹر داس نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ لندن اولمپک میں کانسے کا تمغہ جیت کر سائنا نے تمغہ جیتنے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا اس سلسلہ کو ریو ڈجنیرو میں سندھو نے چاندی کا تمغہ جیت کر آگے بڑھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ہماری نظریں 2020کےٹوکیو اولمپک پر ہیں جہاں ہمیں طلائی تمغہ جیت کر ملک کا سر فخر سے اونچا کرنے کے خواب شرمندہ تعبیر کرنا ہے۔
سندھو کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے بائی کے چیئر مین ڈاکٹر اکھلیش داس گپتا نے کہا کہ میں انہیں انکی اس تاریخی کامیابی اور ملک کا سر فخر سے بلند کرنےپر مبارکباد دیتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی بیڈمنٹن کی دنیا میں یہ لمحہ ایک بڑے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔اس سے عالمی سطح پر ہندوستانی بیڈمنٹن کی قوت کا پتہ چلتا ہے۔چاندی کا تمغہ ملک کے ان لاکھوں بچوں کی حوصلہ افزائی کرے گا اور انہیں اپنی قوت سے بڑھ کر مظاہرہ کرنے میں مدد کرے گاجو بیڈمنٹن میں اپنا کیریر بنانا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ بائی کے ذمہ داران کی جانب سے وہ ایک مرتبہ پھر سندھو کو انکی کامیابی پر مبارکبادپیش کرتے ہیں۔