سری نگر : ایک 30 سالہ لیکچرار کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں مبینہ طورسے سلامتی دستوں نے پیٹ پیٹ کر مار ڈالا۔ مرحوم شبیر احمد کو کئی دیگر نوجوانوں کے ساتھ سلامتی دستوں نے کل رات پلوامہ ضلع خریو میں ان کے گھروں سے اٹھالیا تھا۔مقامی باشندوں کا الزام ہے کہ کل رات سلامتی دستے شبیر کے گھر میں گھس گئے اور اسے خوب مارا پیٹا۔ اس کے بعد اٹھاکر اپنی گاڑی میں لے گئے ۔ان کا کہنا ہے کہ شبیر اور کئی دیگر کو سلامتی دستوں نے گرفتار کرلیا اور اپنے ساتھ لے گئے ۔ بعد ازاں لیکچرار کے گھر کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ آکر اس کی لاش لے جائیں۔ چھاپوں کے دوران اٹھائے گئے کئی دیگر نوجوان بھی زخمی ہیں۔ ان کا الزام ہے کہ ان میں سے کئی بری طرح زخمی ہیں۔