واشنگٹن: امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکی صدر باراک حسین اوباما شدت پسند تنظیم داعش کے بانی جبکہ ہیلری کلنٹن شریک بانی ہیں۔ ریاست فلوریڈا کے شہر فورٹ لاڈرڈیل میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ باراک اوباما داعش کے بانی اور ہیلری کلنٹن ان کی شریک بانی ہیں۔ ٹرمپ نے امریکی صدر کا پورا نام 3 بار دہراتے ہوئے کہا کہ باراک حسین اوباما کی عزت کی وجہ بہت سے اہم اور مثبت پہلو ہیں لیکن وہ دہشت گرد تنظیم داعش کے بانی بھی ہیں جب کہ ہیلری کلنٹن کی غلط پالیسیوں کی بدولت عراق میں سیاسی قوتیں کمزور ہوئیں اور شدت پسند تنظیم کوسراٹھانے کا بھرپورموقع ملا اس لئے کلنٹن داعش کی شریک بانی ٹھہری۔