الجزیرہ نیوز کی عربی ویب سائٹ نے ٹرمپ کے اُس جملے کو اپنی سرخی بنایا جس میں انہوں نے سعودی حکام کو خطاب کر کے یہ کہا تھا کہ تم ہماری حمایت کے سبب محفوظ ہوں اور اگر ہم تمہاری حمایت نہ کریں تو تم دو ہفتے بھی نہیں ٹِک پاؤگے!
مگر اس عالم عرب کی اس معروف ویب سائٹ نے ٹرمپ کے اس جملے کو مزید چٹ پٹے انداز میں کچھ اس طرح لکھا ہے:’’ٹرمپ:خدائے واحد یہ جانتا ہے کہ ہمارے بغیر سعودی عرب کا کیا انجام ہوگا!!‘‘
اس وقت سعودی عرب کا شمار ان ممالک میں ہوتا ہے جو امریکہ کو بالخصوص ٹرمپ کے صدر بننے کے بعد مختلف بہانوں منجملہ اسلحوں کی خریداری کے سبب، سب سے زیادہ پیسوں سے نواز چکے ہیں مگراس کے باوجود امریکی صدر اس ملک کی توہین کرنے سے نہیں چوکتے اور وہ کبھی تو سعودی حکام کو دودھ دینے والی گائے بتاتے ہیں تو کبھی انہیں اپنی حمایت کا طعنہ دیتے ہیں!
آخری چند برسوں میں سعودی عرب نے اپنی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ اپنی قربت دنیا والوں کو دکھانے اور بتانے کی کوشش کی ہے مگر اس کا یہ اقدام ٹرمپ کی جانب سے ہونے والی توہین کو نہیں روک پایا ہے۔