بولی وڈ اداکار ابھیشیک بچن نے حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران اپنے بچن اور اب اپنی بیٹی کی تربیت کے حوالے سے بات کی۔
اداکار کا اس انٹرویو میں کہنا تھا کہ ان کے والدین کا کیریئر کبھی ان کی ذاتی زندگی پر اثر انداز نہیں ہوا۔
42 سالہ ابھیشیک نے کہا کہ ’والد کبھی اپنے کام کو گھر نہیں لائے، میں نے پہلی مرتبہ انہیں کاسٹیوم پہنے گھر آتے تب دیکھا تھا جب وہ اپنی فلم انسانیت کی شوٹنگ کررہے تھے، اس کے علاوہ ہماری تربیت انڈسٹری کے اسٹار کڈز جیسی نہیں کی گئی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’گھر میں کسی فلم میگزینز کو لانے کی اجازت نہیں تھی، ہمیں بہت عرصے تک فلم انڈسٹری کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا، ہماری ایک عام زندگی تھی‘۔
ابھیشیک کے مطابق ’جب میں چھوٹا تھا ہمارے گھر کے بارے مداحوں کی بڑی تعداد موجود رہتی تھی، مجھے ایسا لگتا تھا جیسے ہر کسی کے گھر کے باہر 500 لوگ موجود ہوتے ہیں، یہ میرے لیے عام بات تھی‘۔
یاد رہے کہ ابھیشیک بچن نے سال 2000 میں فلم ’ریفیوجی‘ کے ساتھ کیریئر کی شروعات کی، اس فلم میں کرینہ کپور خان نے بھی ڈیبیو کیا تھا۔