بین الاقوامی: بحرین کے دارالحکومت منامہ میں چار شیعہ علماء کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پریس ٹی وی کے حوالے سے خبر شائع کی ہے کہ بحرین کی سیکورٹی فورسز نے دارالحکومت منامہ کے دیر نامی علاقے سے مسجد الخیف کے امام جمعہ شیخ عیسی مومن کو گرفتار کیا ہے جبکہ اسلامی کونسل سے وابستہ شیخ فاضل زاکی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ یہ اسلامی کونسل تمام شیعہ پارٹیوں پر مشتمل تھی لیکن حکومت بحرین نے 2014 میں اس پر پابندی عائد کردی۔
بحرین میں شیعہ علماء کی گرفتاریوں کا سلسلہ ایسے وقت میں شروع ہوا ہے کہ جب بحرین کے شیعہ مسلمانوں نے حکومت کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔
بحرین کے بعض مقامی ذرائع کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے شہر الدراز میں لوگ شیعہ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے سامنے تمام نمازیں باجماعت ادا کرتے ہیں۔
گذشتہ روز نماز عشاء کے بعد شہر الدراز میں سینکڑوں افراد نے آل خلیفہ کے خلاف مظاہرہ کیا۔
یاد رہے کہ بحرین کی عدالت نے کچھ عرصہ قبل بحرین کے نامور شیعہ عالم دین کی شہریت منسوخ کردی تھی جس کے بعد آل خلیفہ کے اس اقدام کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔