لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے دیوریا میں گرلز شیلٹر ہوم معاملہ کی تفتیش مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کو سونپنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
مسٹر یوگی نے منگل کو دیر رات ایک پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی بی آئی معاملہ کی تفتیش کے لیے ہاتھ میں لینے سے پہلے تک ریاستی پولیس کی تین رکنی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) معاملہ کی جانچ کرے گی اور اس میں ایس ٹی ایف کاتعاون بھی رہے گا۔ اس سے پہلے خواتین و اطفال بہبود محکمہ کی ایڈیشنل چیف سکریٹری رینوکا کمار اور اے ڈی جی (خواتین سیکورٹی) انجو گپتا نے دیوریا معاملہ پر وزیر اعلی کو اپنی رپورٹ سونپی جس میں کہا گیا ہے کہ گرلز شیلٹر ہوم 2009 سے چل رہاہے تاہم 2017 میں حکومت نے اس شیلٹر ہوم کی منظوری ختم کر دی تھی۔ وزیر اعلی نے کہا ”ہم نے گرلز شیلٹر ہوم کو بند کرنے کے احکامات دیئے تھے لیکن ضلع مجسٹریٹ نے اس پر عمل نہیں کیا۔ اس معاملہ میں قصوروار ضلع مجسٹریٹ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس معاملہ میں ڈی پی او اور دیگر متعلقہ حکام کو معطل کیا جا چکا ہے جبکہ 2015 میں قائم مانیٹرگ کمیٹی کو بھی برخاست کیا گیا ہے ”۔مسٹر یوگی نے کہا”ہم اس معاملہ میں مقامی پولیس کے کردار کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ گزشتہ 30 جولائی کو مذکورہ گرلز شیلٹر ہوم کے سلسلہ میں ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی مگر پولیس نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی۔ گورکھپور کے ایڈیشنل پولیس ڈائرکٹر جنرل کو پولیس کے رول کی تحقیقات کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ”۔
وزیر اعلی نے کہاکہ دیوریا میں گرلز شیلٹر ہوم سے بچائی گئی لڑکیوں کو وارانسی میں حکومت کے زیر نگرانی گرلز شیلٹر ہوم میں بھیجا گیا ہے . اس کے ساتھ ہی ریاست بھر میں ضلع اور پولیس انتظامیہ کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ شیلٹر ہومز میں رہنے والی لڑکیوں اور خواتین کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔مسٹر یوگی نے دیوریا میں اس معاملہ کی تفصیلی جائزہ لینے کے بعد واپس آئے اور حکام سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر خواتین و اطفال بہبود کی وزیر ریتا بہوگنا جوشی بھی موجود تھی جس کے بعد وزیر اعلی نے پورے معاملہ کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا فیصلہ کیا اور اس کی اطلاع صحافیوں کو دی۔دیوریا میں جنسی استحصال کا انکشاف اتوار کی شب اس وقت ہوا جب گرلز شیلٹر ہوم سے بھاگ کر آئی ایک لڑکی پولیس اسٹیشن پہنچی اور اس نے گرلز شیلٹر ہوم میں رہ رہی لڑکیوں کے جنسی استحصال کی اطلاع پولیس کو دی۔ اس کے بعد پولیس نے گرلز شیلٹر ہوم پر چھاپہ مارا اور 20 لڑکیوں سمیت 23 نابالغوں کو وہاں سے نکالا۔میڈیکل جانچ میں تمام لڑکیوں کے ساتھ عصمت دری کئے جانے کی تصدیق ہوگئی۔اس کے فورا ًبعد غیر سرکاری تنظیم’ ماں وندھیہ واسني گرلز شیلٹر ہوم’ کی منتظمہ اور اس کے شوہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ اس معاملہ میں دیوریا کے ضلع مجسٹریٹ سجیت کمار کو فوری طور پر ہٹا کر ان کی جگہ امت کشور کی تعیناتی کی گئی۔