سنت کبیرنگر:اترپردیش کے ضلع سنت کبیرنگرکے ضلع اسپتال کے گیٹ پر واقع میڈیکل اسٹور پر ہوئی چھاپہ ماری کے دوران بڑی مقدار میں سرکاری ادویات پکڑی گئیں۔
چیف ڈیولپمنٹ افسر(سی ڈی او) حاکم سنگھ نے بتایا کہ ضلع مجسٹریٹ بھوپندر ایس چودھری کی ہدایت پر آج 11 بجے انہوں نے چیف میڈیکل افسرڈاکٹراے ۔ سی۔ شریواستو اورڈرکس انسپکٹرسیما ورما کے ساتھ ضلع جوائنٹ اسپتال سنت کبیرنگر کے گیٹ پر واقع میڈیکل اسٹور پر چھاپہ ماری کی۔چھاپہ ماری کے دوران گتے میں رکھی سرکاری اسپتال کی ادویات برآمد کی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈرکس انسپکٹر کو ادویات کوملانے اور فہرست تیار کرنے کے ساتھ ہی متعلقہ میڈیکل اسٹور کے آپریٹر کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع اسپتال کے اسٹور کی بھی جانچ کی جا رہی ہے ۔ اسٹور میں دواؤں کوملانے کے بعد بے ضابطگی پائے جانے پر کارروائی کی جائے گی۔