گیتوں کو ملی محمد یوسف کی آواز
الہ آباد :مدن موہن مالویہ اسٹیڈیم میں اس وقت کسی کھیل کے آغاز جیسا نظارہ تھا ، جب کیرم کے قومی کھلاڑی اور نوجوان گیت کار خورشید حسن کے نئے اولمپک گیتوں کی سی ڈی کا اجرا عمل میں آیا ۔ خورشید حسن نے نوجوان گلو کار محمد یوسف کی آواز کے ساتھ اپنے اولمپک گیتوں کو بڑی خوبی کے ساتھ پیش کیا ہے ۔ ہندوستانی ٹیموں کو اولمپک کھیلوں میں میڈل جیتنے اوران کے اندر جوش بھرنے کے لئے یہ گانے گائے گئے ہیں ۔
اولمپک گیتوں کی سی ڈی کے اجرا کے موقع پر شہر کے تمام چھوٹے بڑے کھلاڑیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ رسم اجرا کے وقت پورے اسٹیڈیم میں جشن کا ماحول تھا ۔ خورشید حسن اور محمد یوسف کی گائے گیتوں میں جہاں ایک طرف ٹیم انڈیا کی جیت کے لئے دعائیں کی گئی ہیں ، وہیں گیتوں کے ذریعے میڈل جیتنے کیلئے ان کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے۔