بحرینی حکومت کی جیل میں قید سیاسی کارکن کی شہادت پر بحرینی عوام نے شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے آل خلیفہ حکومت کے ظالمانہ اقدامات کی مذمت کی ہے۔
آل خلیفہ حکومت کی جیل میں شہید ہونے والے ایک سیاسی قیدی کے جلوس جنازہ میں شریک بحرینی شہریوں نے آل خلیفہ حکومت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی پامالی کی سخت الفاظ میں مذمت کی-
آل خلیفہ حکومت کی جانب سے جلوس جنازہ میں لوگوں کی شرکت پر پابندی عائد کئے جانے کے باوجود ہزاروں بحرینی شہریوں نے شہید حسن الحایکی کے جلوس جنازہ میں شرکت کرکے جیلوں میں بند سیاسی اور مذہبی رہنماؤں اور کارکنوں پر آل خلیفہ کے تشدد کی مذمت کی-
بحرین کے سیاسی کارکن حسن الحایکی، آل خلیفہ حکومت کی جیل میں سیکورٹی اہلکاروں کی ایذا رسانیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے- جلوس جنازہ میں شریک لوگ اپنے ہاتھوں میں شہید حسن الحایکی کی تصویر اٹھائے ہوئے تھے اور بحرینی حکومت کے انسانیت سوز اقدامات کی مذمت کر رہے تھے- جلوس جنازہ میں شریک سوگواروں کا کہنا تھا کہ آل خلیفہ کے اقدامات، بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں- جلوس جنازہ میں شریک لوگ مطالبہ کر رہے تھے کہ شہید حسن الحایکی کے قاتلوں کو سزا دی جائے- اس وقت بحرینی جیلوں میں ہزاروں کی تعداد میں سیاسی اور مذہبی رہنما سخت حالات میں قید و بند کی زندگی بسر کر رہے ہیں-