نئی دہلی:وزیر خارجہ سشما سوراج نے آج پارلیمنٹ میں کہا کہ سعودی عرب میں پھنسے بے روزگار ہندوستانی مزدوروں کو مناسب کھانا فراہم کرایا گیا ہے اور حکومت پوری کوشش کررہی ہے کہ وہاں کوئی بھی مزدور بھوکا نہ رہے ۔
محترمہ سوراج نے لوک سبھا میں اراکین کو یقین دلایا کہ حکومت صورت حال پر نگاہ رکھے ہوئے ہے ۔ ان مزدوروں کو وطن واپس لانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے اور جلد ہی انہیں وطن واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کچھ پرائیوٹ کمپنیوں کے کام بند ہوجانے سے تقریباََ َ دس ہزار ہندوستانی’ مزدور بے روزگار ہوگئے ہیں اور ان کے پاس کھانا تک نہیں ہے ۔
محترمہ سوراج نے کہا کہ حکومت نے اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لیا ہے اور ریاض میں افسران کو مقامی لوگوں کے تعاون سے پانچ کیمپوں میں کھانا تقسیم کرنے کا حکم دیا تھا اور ان کیمپوں میں کھانا تقسیم کرانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے ۔انہوں نے تاہم تسلیم کیا کہ یہ مسئلے کا مستقل حل نہیں ہے ۔
محترمہ سوراج نے کہا کہ ان مزدوروں کو واپس لانے میں کچھ رکاوٹیں ہیں جنہیں دو ر کرلیا جائے گا۔ ان مزدوروں کے لئے ایگزٹ ویزا اور ان کے بقایہ رقم کی ادائیگی کے بارے میں حکومت نے وہاں کے دفتر خارجہ اور لیبر ڈپارٹمنٹ سے بات چیت کی ہے اور ان کے تنخواہ کی ادائیگی کا نظم کرنے کے لئے کہا ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ امور خارجہ کے وزیر مملکت وی کے سنگھ ریاض جارہے ہیں اور وہاں سعودی حکام سے با ت چیت کرکے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے
وزیر خارجہ نے راجیہ سبھا میں بھی یہی بیان دیا۔