نئی دہلی۔ دہلی کے راجوری گارڈن میں بی جے پی کی جیت سے عام ادمی پارٹی کو جھٹکا لگا ہےدہلی کے تینوں کارپوریشنوں کے 23 اپریل کو ہونے والے انتخابات سے پہلے اروند کیجریوال کی عام آدمی پارٹی (آپ) کو آج شدید جھٹکا لگا۔
راجوری گارڈن اسمبلی ضمنی انتخابات میں بی جے پی-اکالی اتحاد کے منجندر سنگھ سرسا نے کانگریس کی میناکشی چندیلا کو 14652 ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔ آپ امیدوار هرجيت سنگھ 10243 ووٹ پاکر تیسرے مقام پر رہے۔
کارپوریشن انتخابات سے ٹھیک دس دن پہلے آئے ضمنی انتخابات کے نتائج آپ کے لئے مایوس کن ہیں۔ سال 2015 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں صحافت سے سیاست میں اترے جرنیل سنگھ نے مسٹر سرسا کو 10036 ووٹوں سے شکست دی تھی۔ پنجاب اسمبلی کے حالیہ انتخابات میں سابق وزیر اعلی پرکاش سنگھ بادل کے خلاف الیکشن لڑنے کے لئے جرنیل سنگھ نے استعفی دے دیا تھا۔
مسٹر سرسا کو نو اپریل کو ہوئے اس الیکشن میں کل 78 ہزار 91 ووٹوں میں سے 40 ہزار 602 ووٹ ملے۔ محترمہ چندیلا کو 25950 ووٹ ملے جبکہ 2383 ووٹروں نے نوٹا کا بٹن دبایا۔ ضمنی انتخاب میں کل چھ امیدوار میدان میں تھے۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے الیکشن کے نتائج پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کے عوام میں جرنیل سنگھ کے استعفی دینے کو لے کر ناراضگی تھی۔
پارٹی نے عوام کی ناراضگی دور کرنے اور سمجھانے کی کوشش کی لیکن نتیجہ سے معلوم ہوتا ہے کہ لوگوں نے ان کی بات نہیں سنی ۔ مسٹر سسودیا نے کہا کہ ضمنی انتخابات کے نتائج کا دہلی کے کارپوریشنز کے انتخابات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا اور عام آدمی پارٹی پوری شدت کے ساتھ اپنے دو سال کی مدت کے دوران عوام کے لئے کئے گئے کاموں کے بل بوتے پر جیت حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی ہار کا جائزہ لے گی۔