پورٹ پرنس۔ ہیتی میں ڈرائیور نے مسافر بس راہ گیروں پر چڑھا دی۔ کیریبیائی ملک ہیتی میں ایک ڈرائیور نے حادثہ کے بعد فرار ہونے کے دوران مسافر بس راہ گیروں پر چڑھادی جس کے نتیجے میں 38 افراد ہلاک اور تقریباً ایک درجن زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق واقعہ ہیتی کے شہر گونائیوس میں پیش آیا جو دارالحکومت پورٹ پرنس سے 150 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
ہیتی کے سول پروٹیکشن آفس کے سربراہ میری ایلٹا جین بپتست نے بتایا کہ ’ایک تیز رفتار مسافر بس نے پہلے دو راہ گیروں کو ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ایک راہ گیر ہلاک ہوگیا‘۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس واقعے کے بعد ڈرائیور نے بس کو لے کر موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم اس کوشش کے دوران سڑک کنارے اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے میوزیکل بینڈ کے ارکان پر بس چڑھ گئی جس کے نتیجے میں مزید 33 افراد ہلاک ہوگئے۔
بعد ازاں اسپتال میں چار زخمیوں نے دم توڑ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد جائے حادثہ پر موجود دیگر موسیقاروں اور مشتعل افراد نے بس کو گھیرے میں لے لیا اور اس پر پتھراؤ کیا۔ بعض مشتعل افراد نے بس کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی حالانکہ بس میں مسافر بھی موجود تھے تاہم پولیس نے بس میں سوار تمام مسافروں اور ڈرائیور کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ حادثہ تھا یا پھر ڈرائیور نے جان بوجھ کر راہ گیروں کو نشانہ بنایا۔