نئی دہلی : یوپی کے نئے ممبران اسمبلی میں سے 80 فیصد کروڑ پتی ہیں۔ اتر پردیش اسمبلی کے لئے نو منتخب چار نئے اراکین اسمبلی میں سے ایک قتل یا عصمت دری جیسے سنگین فوجداری مقدمات میں ملزم ہے جبکہ 10 میں سے 8 ممبر اسمبلی کروڑ پتی ہیں ۔
یوپی الیکشن واچ اور ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس (اے ڈی آر) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کامیاب امیدواروں میں 322 (80 فیصد) کروڑ پتی ہیں ، جو 2012 میں 271 یعنی 67 فیصد ممبران اسمبلی کے مقابلہ میں زیادہ ہے ۔
یاد رہے کہ 143 (36 فیصد) ممبران اسمبلی نے اپنے خلاف مجرمانہ معاملات کا اعلان کر رکھا ہے ، جو 2012 کے اسمبلی انتخابات کے مقابلے میں کم ہے ۔ 2012 اسمبلی انتخابات میں 189 (47 فیصد) ممبران اسمبلی کے خلاف مجرمانہ معاملات درج تھے ۔ علاوہ ازیں 107 ممبران اسمبلی 26 (فیصد) نے سنگین فوجداری مقدمات کا اعلان کیا ہے اور یہ 2012 میں 98 ممبران اسمبلی (24 فیصد) کے مقابلے میں زیادہ ہے ۔
سنگین فوجداری مقدمات میں ایسے جرائم شامل ہیں ، جن میں زیادہ سے زیادہ پانچ سال یا اس سے زیادہ کی سزا ہو سکتی ہے ، غیر ضمانتی جرائم ہیں ، انتخابات سے متعلق جرائم ہیں ، حملہ ، قتل ، اغوا ، عصمت دری ، کرپشن اور خواتین کے خلاف جرائم سے وابستہ معاملات ہیں ۔
آٹھ ممبران اسمبلی نے قتل سے وابستہ کیسز کا اعلان کیا ہے اور 34 ممبران اسمبلی نے قتل کی کوشش سے متعلق کیسز کی اطلاع دی ہے ۔ ایک رکن اسمبلی نے خواتین کے خلاف جرائم سے وابستہ معاملہ کا انکشاف کر رکھا ہے ۔ رپوٹ میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی کے 83 ، سماج وادی پارٹی کے 11 ، بی ایس پی کے چار، کانگریس کا ایک اور تین آزاد امیدوار ممبران اسمبلی نے اپنے حلف نامے میں سنگین مجرمانہ کیسز درج ہونے کا اعلان کیا ہے ۔