نئی دہلی : دہلی پولیس جلد ہی ہر روز صبح 4 سے 6 بجے تک مندر، مسجد، چرچ وغیرہ مذہبی مقامات کے ارد گرد گشت لگاکر گوشت کے ٹکڑے ڈھونڈنے کا کام کرے گی۔ انڈین ایکسپریس میں شائع ایک خبر کے مطابق پولیس ہیڈکوارٹر میں ہوئی اس میٹنگ میں پولیس کمشنر انمول پٹنائک نے کہا کہ اس صبح والی گشت کو ‘گڈ مارننگ پٹرولنگ کا نام دیا جائے گا۔
اس کے تحت پٹرولنگ عملے گشت کے دوران مذہبی مقامات سے قابل اعتراض چیزیں جیسے گائے کا گوشت، سور کا گوشت وغیرہ ہٹانے کا کام کریں گے۔ اجلاس میں پولیس کمشنر نے پولیس ڈپٹی کمشنروں کو بتایا کہ اس طرح کی گشت سے شہر میں کوئی بھی ٹینشن ہونے سے بچ جائے گی۔
اس سے غیر سماجی عناصر کی طرف سے ان مقامات پر فسادات کی کوشش کو بھی ناکام بنایا جا سکے گا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کوشش سے مذہبی مقامات میں گوشت پائے جانے کی وارداتوں پر لگام لگائی جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ دہلی کے اوکھلا میں سال 2014 میں ایک مسجد کے باہر خنزیر کا گوشت پائے جانے اور 2015 میں سریتا وہار میں ایک مندر کے باہر ملے گوشت سے کشیدگی پیدا ہو گئی تھی ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس طرح کی گشت کروانے سے پولیس کمشنر کا مقصد یہ بھی ہے کہ اس سے صبح کے وقت ہونے والی چوری، توڑ پھوڑ اور دیگر جرائم میں بھی کمی آئے گی