نئی دہلی۔ سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ فلم کے بیچ میں قومی ترانہ بجنے پر کھڑے ہونا ضروری نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے ایک پٹیشن پر سماعت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ فلم کے بیچ میں قومی ترانہ بجنے پر کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
کورٹ نے واضح کیا کہ قومی ترانہ فلم شروع ہونے سے پہلے بجانا ضروری ہے اور اس وقت شائقین کو کھڑا ہونا بھی ضروری ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے چند ماہ پہلے ہی یہ لازمی کیا تھا کہ ملک کے تمام سینما گھروں میں فلم سے پہلے قومی ترانہ چلانا لازمی ہو گا۔ اس کے علاوہ قومی ترانہ بجنے کے وقت تمام ناظرین کو اس کے احترام میں کھڑا بھی ہونا ہو گا۔
کورٹ نے کہا کہ جب قومی ترانہ بجایا جا رہا ہو اس وقت پردے پر قومی پرچم دکھایا جانا چاہئے۔ اس کے علاوہ ملک کی عدالت عظمی نے سخت ہدایت دی تھی کہ سنیما میں ڈراما پیدا کرنے کے لئے قومی ترانہ کا استعمال نہیں ہونا چاہئے۔