واشنگٹن۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انڈیا کے وزیراعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے انھیں امریکہ کے دورے کی دعوت دی ہے۔ واشنگٹن کے مطابق صدر ٹرمپ انڈیا کو’ایک حقیقی دوست اور دنیا بھر میں درپش چینلجز سے نمٹنے شراکت دار’ کے طور پر دیکھتے ہیں۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت میں انڈیا اور امریکہ کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے علاوہ معیشت اور دفاع کے شعبے میں تعاون وسیع کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ رواں برس کے آخر میں وزیراعظم مودی امریکہ کا دورہ کریں گے۔
بیان کے مطابق صدر ٹرمپ اور وزیراعظم مودی نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ایک دوسرے کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہونے پر اتفاق کیا۔ صدر ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران انڈیا کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کی بات کرتے ہوئے وزیراعظم مودی کی اقتصادی اصلاحات کی تعریف کی تھی۔