کولکتہ۔ کولکتہ ون ڈے میں پانچ رن سے انگلینڈ میچ جیت گیا جبکہ ٹیم انڈیا، 2-1 سے سیریز جیت گئی۔ کیدار جادھو کی 90 رن کی باہمت اننگز اور ہاردک پانڈیا (56) کے ساتھ ان کی 104 رن کی شاندار شراکت اتوار کو ایڈن گارڈن میں آخری اوور میں ضائع ہو گئی اور انگلینڈ نے ہندستان سے تیسرا اور آخری ون ڈے دلچسپ طریقے سے پانچ رن سے جیت کر اپنا وقار بچا لیا۔
ہندستان نے یہ سیریز 2۔1 سے جیت لی۔انگلینڈ نے 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 321 رن کا مشکل اسکور بنایا۔ ہندوستان نے زبردست انداز میں اس کا پیچھا کیا لیکن اس کے قدم نو وکٹ پر 316 رن پر ٹھٹھک گئے۔ ہندستان کو آخری اوور میں جیت کے لئے 16 رن چاہئے تھے۔ کیدار نے کرس ووکس کی پہلی گیند پر چھکا اور دوسری گیند پر چوکا لگادیا۔ ہندستان کو اب چار گیندوں پر چھ رن چاہئے تھے۔ ووکس نے اگلی دو گیندوں پر کوئی رن نہیں دیا۔ کیدار پانچویں گیند پر بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں آؤٹ ہو گئے اور اس کے ساتھ ہی ہندستان کی امیدیں ٹوٹ گئیں۔
کیدار ہندستان کو جیت کی دہلیز پر لا کر جیت دلانے سے چوک گئے لیکن انہوں نے زبردست اننگز کھیلی اور میچ کو آخری گیند تک کھینچ دیا۔ ورنہ ایک وقت ہندستان کے پانچ وکٹ 173 رن پر گر چکے تھے۔ کیدار نے 75 گیندوں میں 90 رن کی اننگز میں 12 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔31 سالہ کیدار نے ہاردک پانڈیا کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لئے 13.5 اوور میں 104 رن کی شراکت کرکے ہندوستان کو میچ میں لوٹایا۔ پانڈیا نے 43 گیندوں پر 56 رن میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔پانڈیا کا وکٹ 277 کے اسکور پر گرا۔ رویندر جڈیجہ چھ گیندوں میں 10 رن بنانے کے بعد 291 رن کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔ روی چندرن اشون کا وکٹ 297 کے اسکور پر گرا جبکہ 316 کے اسکور پر پویلین لوٹے۔
کولکتہ ون ڈے: پانچ رن سے میچ جیتا انگلینڈ، 2-1 سے سیریز جیتی ٹیم انڈیا
ہندستانی اننگز میں دونوں افتتاحی بلے باز اے اجنکیا رہانے (1) اور لوکیش راہل (11) کے سستے میں آؤٹ ہونے کے بعد کپتان وراٹ کوہلی نے 63 گیندوں میں 55 رن، یوراج سنگھ نے 57 گیندوں میں 45 رن اور مہندر سنگھ دھونی نے 36 گیندوں میں 25 رن بنائے۔ ہندستان نے اپنا پانچواں وکٹ دھونی کے طور پر 173 کے اسکور پر گنوایا۔ اس کے بعد کیدار اور پانڈیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا لیکن دونوں کو ہی آخر میں افسوس رہے گا کہ وہ ٹیم کو فتح نہیں دلا سکے۔ بین اسٹوکس نے 63 رن پر تین وکٹ، کرس ووکس نے 75 رن پر دو وکٹ اور جیک بال نے 56 رن پر دو وکٹ لے کر انگلینڈ کو ہندستان کے دورے میں پہلی جیت دلائی اور اس کا کچھ وقار بچایا۔