جدہ: عازمین حج کے کوٹہ میں اضافہ کرنے سے متعلق ہندوستان اور سعودی حکومت کے درمیان آج یہاں باقاعدہ معاہدہ پر دستخط ہوئے جس کے تحت حج 2016کے مقابلے 2017میں 34500 کا اضافہ ہوگیا ہے۔ مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی اورسعودی حکومت کے وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بن طاہر نے حج 2017 کے کوٹے میں اضافہ سے متعلق دستخط کئے۔
مسٹر نقوی نے یو این آئی کو یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ یہ انتہائی خوشی کی بات ہے کہ سعودی حکومت نے ہندوستانی عازمین حج کوٹے میں 34500کا اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1988کے بعد ہندوستان سے سفرحج پر جانے والے عازمین کے کوٹے میں پہلی بار اتنا بڑا اضافہ کیا گیا ہے۔ حج2016میں ملک بھر میں 21امبارگیشن پوائنٹ سے تقریبا99903عازمین حج کمیٹی آف انڈیا کے ذر یعہ جب کہ 36ہزار عازمین نے پرائیویٹ ٹورآپریٹروں کے ذریعہ حج کی سعادت حاصل کی تھی۔
مسٹر نقوی نے بتایا کہ ڈاکٹر محمد صالح سے ان کی ملاقات بہت تعمیری رہی جس میں ہندوستانی عازمین کے کوٹے میں اضافہ، حج2017کے دوران عازمین کے لئے ٹرانسپورٹ، رہائش اور حفاظتی انتظامات سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ مرکزی وزیر نے حج2016کو کامیاب طریقہ پر انجام دینے میں بھرپور تعاون دینے کے لئے سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حج سے متعلق حج سے متعلق مختلف ایجنسیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی قیادت میں ہند۔سعودی عرب کے تعلقات کو مزید استحکام اور مضبوطی ملے گی۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ ہندوستان اور سعودی عرب عالمی امن اور خوش حالی کے پیغام کا اشتراک کرتے رہے ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط ثقافتی اور سماجی تعلقات ہیں جو دونوں ملکوں کے رہنماؤں او رسینئر افسروں کے دورے سے مزید مضبوط ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اپریل میں وزیر اعظم نریندرمودی کے سعودی عرب کے دورہ سے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات کو نئی بلندی ملی ہے۔ مسٹر نقوی نے کہاکہ حج کا عمل ہندوستان اور سعودی عرب کے باہمی رشتوں کو مضبوط بنانے کا ایک اہم وسیلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ سفرحج کے دوران عازمین کو دی جانے والی سہولیات کو بہتر سے بنانے میں سعودی حکومت نے ہمیشہ سے ہی بھرپورکوشش کی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت ہند حج کمیٹی آف انڈیا اور دیگر ایجنسیاں حج 2017کو صحیح سلامت ، محفوظ اور آسان بنانے کے لئے حکومت سعودی عرب کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گی۔ خیال رہے کہ ہندوستان میں سفر حج پر جانے کے لئے 2جنوری2017سے درخواست دینے کا عمل شروع ہوگیا ہے جو 24جنوری2017تک جاری رہے گا۔
مسٹر نقوی نے کہا کہ ہندوستان میں پہلی بار حج کے لئے درخواست دینے کا عمل پوری طرح دیجیٹل ہوگیا ہے۔ 2جنوری کو حج کمیٹی آف انڈیا کاموبائل ایپ لانچ کیا گیا۔حکومت ہندحج2017کے لئے عازمین کے ذریعہ آن لائن درخواست دینے کے عمل کو بڑے پیمانے پر فروغ دے رہی ہے تاکہ آسانی اور شفافیت کے ساتھ لوگ سفرحج کے لئے درخواست داخل کرسکیں۔
مرکزی وزیر مملکت نے کہا کہ گزشتہ دسمبر میں وزارت اقلیتی امور نے حج محکمہ کی نئی ویب سائٹ شروع کی تھی۔ یہ ویب سائٹ ہندی اردو اور انگریزی زبانوں میں دستیاب ہے جس میں حج سے متعلق تمام تفصیلات کے علاوہ ارکان حج کی تفصیلات بھی درج ہیں۔اس ویب سائٹ سے بھی سفرحج پر جانے والے لوگوں کو آن لائن درخواست دینے میں کافی مدد ملے گی۔
خیال رہے کہ اس ویب سائٹ میں وزارت اقلیتی امور، محکمہ حج سفر حج سے متعلق مختلف ضابطوں، حج کمیٹی آف انڈیا، پرائیویٹ ٹورآپریٹروں کے بار ے میں بھی تفصیلات پیش کی گئی ہیں۔اس کے ساتھ ہی سفرحج کے دوران کن فرائض کو انجام دینا ہے، اور کن چیزوں سے عازمین کو بچنا ہے، ان کی تفصیلات بھی درج ہیں اور ان تفصیلات پر مبنی فلم بھی دستیاب ہے۔