ریاض ۔ ایران نے حج امور پر بات چیت کے لیے سعودی عرب کی دعوت کو مسترد کر کیا۔ رواں سال حج کے لئے سعودی عرب نے ایران سمیت پوری مسلم دنیا کو دعوت نامے ارسال کئے جس میں حج کے انتظامات سے متعلق سفارشات تھیں، لیکن ایران نے سعودی عرب کے اس دعوت نامے کو مسترد کر دیا ۔ سعودی عرب کی وزارت برائے حج و عمرہ کے جاری کردہ ایک بیان میں یہ بات سامنے آئی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی وزارت حج میں ایرانی حجاج کے امور کے انچارج ڈاکٹر طلال قطب نے کہا کہ ریاض حکومت کی جانب سے دوسرے ملکوں کے ساتھ ایران کو بھی نئے سال حج سے متعلق لائحہ عمل طے کرنے، حجاج کی قیام گاہوں اور ان کی نقل وحرکت پر بات چیت کی دعوت دی گئی تھی مگر تہران نے وہ دعوت یکسر نظر انداز کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران کو سعودی وزارت خارجہ کے بجائے براہ راست وزارت حج وعمرہ کے توسط سے حج انتظامات پر بات چیت کی دعوت دی گئی تھی مگر تہران کی طرف سے ہٹ دھرمی اور لا پرواہی پر اصرار جاری رہا ہے۔
ڈاکٹر قطب کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے حسب دستور تمام مسلمان ملکوں اور مسلمان اقلیت کے حامل ممالک کو ان کے مخصوص حالات کے مطابق حج انتظامات طے کرنے اور حج کے معاملات پر ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے بات چیت کی دعوت دی گئی تھی۔خیال رہے کہ رواں سال خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حجاج کرام کی تعداد میں اضافے کی بھی منظوری دی ہے۔