میرٹھ : حج فارم کی تقسیم پر بھی نوٹ بندی کا اثر ہوا ہے۔ نوٹ بندی کے پچاس سے زیادہ دن گزر جانے کے بعد بھی بینک اور اے ٹی ایم سے کیش نکالنے پر آر بی آئی کی پابندی جاری ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اب اس کا اثر عازمین حج پر بھی نظر آ رہا ہے۔ نوٹ بندی سے متاثر ہونے والوں میں بڑی تعداد گاؤں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہے۔
اقلیتی فلاح و بہبود کے دفتر کے علاوہ میرٹھ میں حج فارم کی تقسیم ضلع حج کمیٹی ممبران کی جانب سے بھی کی جاتی ہے ۔ گزشتہ سالوں میں حج فارم حاصل اور جمع کرنے کی تاریخ کے اعلان کے ساتھ ہی ان مراکز پر حج فارم حاصل کرنے کیلئے صبح سے شام تک لوگوں کا سلسلہ جاری رہتا تھا ، لیکن ضلع حج کمیٹی کے ذمہ داران کے مطابق اس سال حج فارم حاصل کرنے کے لئے آنے والوں کی تعداد کافی کم ہے۔
گزشتہ سالوں میں ان مراکز سے جہاں ایک دن میں تیس سے پچاس فارم تک تقسیم ہو جاتے تھے ، وہیں اس سال گزشتہ تین چار دنوں میں محض پندرہ فارم ہی تقسیم ہوئے ہیں ۔ کمیٹی ممبران کے مطابق ان مراکز سے حج فارم حاصل کرنے والوں میں بڑی تعداد دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی ہوتی تھی ، جو مراکز سے فارم حاصل کرکے یہیں پر فارم بھر کرجمع بھی کرواتے تھے ، لیکن اس سال دیہی علاقوں کے لوگوں کی تعداد بھی کافی کم ہے ۔