نئی دہلی۔ حج 2017 کے لئے فارم بھرنے کے سلسلہ شروع ہو گیا۔ حج کمیٹی آف انڈیا، وزارتِ اقلیتی امور، حکومت ہند کے اعلانیہ کے مطابق حج 2017 کے فارم کی تقسیم اور جمع کرنے کا عمل آئندہ2جنوری2017بروزپیر سے 24جنوری2017تک جاری رہے گا۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دہلی حج کمیٹی درخواست دہندگان عازمین حج کو حج فارم بھرنے اور جمع کرنے کے لیے گذشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی تمام تر مطلوبہ اور ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات اور انتظامات کر رہی ہے۔
حج کمیٹی کے دفتر حج منزل آصف علی روڈ ترکمان گیٹ پر فارم کی تقسیم اور جمع کرنے کے لیے کام کے ایام پیر سے جمعہ تک صبح 10بجے سے شام چار بجے تک رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔لنچ کا وقفہ پیر سے جمعرات تک دوپہر1بجے سے 2بجے تک ہوگا جبکہ جمعہ کو 12:20سے2بجے تک ہوگا۔
اس سلسلے میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے حج کمیٹی کے دفتر حج منزل آصف علی روڈ، ترکمان گیٹ پر حج فارم کی تقسیم ،بھرے ہوئے فارم جمع کرنے،دستاویزات کی فوٹو کاپی،فوٹو گرافی اور حکومت دہلی کے محکمہ صحت کی جانب سے طبی تصدیق کے علاوہ آف لائن اور آن لائن فارم بھرنے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
نیز اس کے علاوہ حالیہ دنوں میں حکومت کی جانب سے نوٹ بندی کے نتیجے میں بینکوں میں بھیڑ بھاڑ کی زیادتی اور زیادہ وقت صرف ہونے کو دیکھتے ہوئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں ہی حج فارم فیس آن لائن جمع کرانے کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے جہاں کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ اور انٹرنیٹ بینکنگ رکھنے والے درخواست دہندگان اپنے کارڈ سے فیس کی ادائیگی کر سکتے ہیں۔
جن کے پاس کوئی کیش کارڈ نہیں ہے وہ بھی نقد جمع کرکے آن لائن فیس جمع کر سکتے ہیں، دہلی حج کمیٹی کواس کے لیے سماجی تنظیم مہیلا جن کلیان سیوا سمیتی نے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔
واضح ہو کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے آن لائن فارم بھرنے کی سہولت گذشتہ سال ہی شروع کر دی تھی اس کے علاوہ وزارتِ اقلیتی امور نے حج کے معاملات کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ہی عازمین کو فارم بھرنے میں مزید سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے موبائل ایپ شروع کرنے کا اعلان کیا۔
آن لائن اور موبائل ایپ سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں حج فارم بھرنے اور جمع کرنے کی مہم کو تقویت دینے کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے اس سال حج منزل میں آف لائن فارم جمع کرنے کے علاوہ آن لائنwww.hajcommittee.gov.in پراور موبائل ایپ Google Playپر بھی فارم بھرنے کے کاونٹر قائم کیے جائیں گے۔
دہلی کے درخواست دہندگان عازمین کو وسیع پیمانے پر حج فارم کی فراہمی اور فارم بھرنے میں تعاون دینے کے لیے حج کمیٹی کے چیئرمین اور سیلم پور اسمبلی حلقے کے ایم ایل اے الحاج محمد اشراق خان کی جانب سے ان کے علاقائی دفتر455گلی نمبر19،مین روڈ جعفرآباد، دہلی 110053میں اور حج کمیٹی کے ممبر نصرالدین سیفی کی جانب سے A-69، گلی نمبر19/20،منڈاولی اونچے پر نزد جامع مسجد،منڈاولی ،فضل پور،دہلی110092میں حج فارم بھرنے کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔جبکہ محمد خالد خان ،جوائنٹ سکریٹری راجیہ سبھا و سرپرست خواجہ عثمانی ٹرسٹ کی اطلاع کے مطابق مسجد غریب نواز،G-95، ابوالفضل انکلیو، جامعہ نگر، اوکھلا میں بھی آن لائن فارم بھرنے کے دو کاونٹر کا قیام کیا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں مسلم وکاس ایکتا ویلفیئر آرگنائزین (رجسٹرڈ) کی جانب سے D-86-A,سینک انکلیو، وکاس نگر مکی مسجد میں 7اور8جنوری2017کو اور RZ-D14، سیتا پوری، نئی دہلی میں 22؍جنوری2017کو حج فارم بھرنے کا خصوصی کیمپ لگایا جا رہا ہے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے مطابق حج کمیٹی اس سال عازمین کو قیام ،نقل و حمل اور دیگر تمام تر متعلقہ سہولیات گذشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ بہتر اور معیاری انداز میں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی چیئرمین الحاج محمد اشراق خان نے امید ظاہرکی ہے کہ حسب سابق گروپ آف حج اینڈ سوشل آرگنائزیشن اور رضاکاران اس سال بھی اپنا تعاون فراہم کریں گے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے یہ تمام فیصلے 29؍دسمبر کو چیئرمین الحاج محمد اشراق خان کے زیر صدارت حج انتظامات کے لیے بلائی گئی اپنی خصوصی میٹنگ میں لیے جس میں کمیٹی کے ممبران فیروز احمد، نصر الدین سیفی، محترمہ سیما طاہرہ،کونسلر ، اور حج کمیٹی کے ممبر سکریٹری و ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی بھی شامل تھے۔