کلکتہ: ڈھولا گڑھ میں ہوئے فرقہ ورانہ تشدد کے واقعات جہاں دو نوں فرقے کے مکانات اور دوکانوں کو جلاکر تباہ کردیاگیا ہے سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے بنگال کے گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی نے ڈائریکٹر جنرل آف پوئس سورجیت کار پر کائستھ کو طلب کیا اور ان سے ڈھولا گڑھ میں فرقہ وارانہ فسادات اور لااینڈ آرڈر سے متعلق معلومات حاصل کی ۔
راج بھون کے ذرائع کے مطابق ڈی جی پی نے گورنر کیسری ناتھ ترپاٹھی کو ریاست بالخصوص ہوڑہ کے فسادات زدہ علاقے سے متعلق معلومات فراہم کی ہے ۔راج بھون سے جاری ریلیز کے مطابق گورنر نے ڈی جی پی کو ہدایت دی کی کہ لا اینڈ آرڈر کو سختی سے بحال کریں اور فسادات میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
خیال رہے کہ ڈھولا گڑھ میں جلوس محمدی پر شرپسند عناصر کے حملے کے بعد سے ہی ڈولا گڑھ میں تشدد کے واقعات رونما ہوئے ہیں ۔ہوڑہ پولس کمشنر کے مطابق پولس نے آنسوؤ گیس کا استعمال کرکے دونوں طرف سے بم اندازی کرنے والے ہجوم کو منتشر کیا ۔حال ہی میں ہوڑہ کے ایس پی سبیا ساچی کو ٹرانسفر کردیا گیا ہے ۔
ڈھولا گڑھ جہاں جانی نقصانات نہیں ہوئے صرف دونوں طرف کے مکانات اور دوکانیں جلائی گئی ہیں مگر اب اس کو سیاسی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔بی جے پی نے 24دسمبر کو تین ممبران پارلیمنٹ کی ٹیم بھیجنے کا اعلان کیا ہے ۔