نئی دہلی۔ مودی تاریخ کا مطالعہ کریں کہ ملک سے پہلے پارٹی کو کون رکھتا ہے۔ کانگریس نے اس کے خلاف کے گئے ‘پارٹی پہلے’ سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے تبصرے کو لے کر ان پر جوابی حملہ کیا اور کہا کہ انہیں یہ جاننے کے لئے تاریخ کو پڑھنا چاہیے کہ ملک سے پہلے پارٹی کو کون رکھتا ہے۔
کانگریس کے ترجمان کپل سبل نے وزیر اعظم سے کہا کہ مودی جی نے کہا کہ بی جے پی واحد قوم پرست پارٹی ہے اور تمام دیگر پارٹیاں ملک مخالف ہیں۔ مسئلہ یہ ہے کہ مودی جی کو تاریخ نہیں پتہ اور نہ ہی ان کی اس کو جاننے میں دلچسپی ہے۔ مودی جی کو یاد رکھنا چاہئے کہ ان کے نظریاتی گرو نے 1947 میں کیا کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ جب انڈین نیشنل کانگریس آزادی کی لڑائی لڑ رہی تھی، تب وہ برطانیہ کے ساتھ تھے اور انہوں نے ہماری مخالفت کی۔ ان کے لئے تنظیم پہلے ہے، ملک بعد میں۔ ہمارے لئے ملک سب سے پہلے ہے۔ مودی جی نے ملک اور پارٹی دونوں کو ہلا دیا ہے۔ وہ ٹی وی پر صرف اپنی تصویر دیکھنا چاہتے ہیں۔ سبل نے نوٹ بندی کے ان کے یک طرفہ فیصلے کو قوم مخالف اور عوام مخالف قرار دیا۔
کپل سبل نے کہا کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے جب وزیر اعظم پارلیمنٹ میں نہیں بولے اور نہ ہی اپوزیشن کو بولنے دیا گیا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اگر مودی کالے دھن کے خلاف لڑنا چاہتے ہیں تو انہیں اس کی شروعات اپنی پارٹی سے کرنی چاہئے۔