نئی دہلی۔ کسانوں کے قرض معافی کا مطالبہ لے کر راہل گاندھی آج نریندر مودی سے ملیں گے ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد کی قیادت میں کانگریس کے سینئر لیڈر آج وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے اور ملک کے ‘غریب’ کسانوں کی قرض معافی کا مطالبہ رکھیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ کانگریس لیڈر ملک بھر کے کسانوں کے مطالبات کو وزیر اعظم کے سامنے رکھیں گے۔
کسانوں کے قرض معافی، بجلی بل میں آدھی کٹوتی کرنا اور کسانوں کو ان کی پیداوار کی کم از کم امدادی قیمت دلانے میں مدد کرنا پارٹی کے اہم مطالبات میں شامل ہیں۔
آزاد کے ساتھ پنجاب کانگریس کے سربراہ امرندر سنگھ اور اتر پردیش کانگریس یونٹ کے سربراہ راج ببر اور دیگر سینئر لیڈر وزیر اعظم مودی سے ملاقات کریں گے۔
مانا تو یہ بھی جا رہا ہے کہ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی بھی اس مسئلے کو لے کر پی ایم مودی سے ملاقات کر سکتے ہیں۔ راہل گاندھی نے ایک دن پہلے ہی پی ایم مودی پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کرتے ہوئے ان پر بدعنوانی کا الزام لگایا تھا۔ اس الزام کے ٹھیک تین دن کے بعد آج دونوں رہنما ملیں گے۔