علی گڑھ ۔ ہندو مہاسبھا نے نوٹ بندی کی مخالفت کرتے ہوئے مودی مودی کی رٹ لگانے والوں کو خبردار کیا ہے۔ نوٹ بندی پر حکومت کے فیصلے کو لے کر ہندو مہاسبھا نے وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانے پر لیا ہے۔ مہا سبھا نے کہا کہ نوٹ بندی کے نام پر شادی سے عین پہلے ہندوؤں کو پریشان کیا گیا ہے۔ مہا سبھا نے ناتھورام گوڈسے کو محب وطن قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ ایک بار پھر گوڈسے کو جنم دے دیں گے۔
اتوار کو علی گڑھ میں اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے قومی سکریٹری ڈاکٹر پوجا شکون پانڈے نے نوٹ بندی پر لوگوں کی پریشانیوں پر مظاہرہ کرتے ہوئے مودی حکومت کو جم کر کوسا۔ پوجا پانڈے نے ناتھورام گوڈسے کو محب وطن قرار دیتے ہوئے مودی کو وارننگ بھی دی۔
پوجا نے کہا ہندو مہاسبھا کے کارکنوں میں ناتھورام گوڈسے، مدن موہن مالویہ اور ویر ساورکر جیسے نام شامل تھے۔ جو لوگ مودی مودی کہہ رہے ہیں، ان کو آگاہ کرنا چاہتی ہوں کہ اس تنظیم کو اقتدار کا لالچ کبھی نہیں رہا، یہ تنظیم سچے محب الوطن لوگوں کا ہے۔ دھیان رکھئے گا، اگر پھر سے گاندھی بننے کی کوشش کی تو ہم کچھ کر پائیں یا نہ کر پائیں، لیکن گوڈسے کو پھر سے جنم دے دیں گے۔
پوجا پانڈے نے یہ بھی کہا کہ یہ حکومت ہندوتو مخالف ہے۔ مودی حکومت نے ہندو شادیوں سے پہلے ہی نوٹ بندی کر دی۔