نئی دہلی ۔ پروفیسر رام گوپال یادو کا پارٹی سے اخراج سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے فوری طورسے رد کر دیا ہے اور انہیں تمام پرانے عہدوں پر بحال کر دیا گیا ہے۔
ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو نے آج یہاں جاری ایک پریس بیان میں یہ اطلاع دی۔ پروفیسر رام گوپال یادو 24 اکتوبر كو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں چھ سال کے لئے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔
مسٹر ملائم سنگھ یادو نے کہا کہ پروفیسر رام گوپال یادو راجیہ سبھا میں ایس پی کے پارلیمانی پارٹی کے لیڈر، پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور ترجمان نیز پارٹی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے رکن کے طور پر کام کرتے رہیں گے۔
اخراج منسوخ ہونے کے بعد پروفیسر رام گوپال یادو نے کہا کہ یہ تو ہونا ہی تھا۔ میری پارٹی میں واپسی نیتا جی کی مہربانی ہے۔
وہ کبھی میرے خلاف نہیں تھے۔ اپنی گھر واپسی پر انہوں نے کہا کہ میں تو گھر میں ہی تھا۔ میں پارٹی سے ضرور نکالا گیا تھا لیکن میں ہمیشہ سے پارٹی میں تھا۔
پروفیسر رام گوپال نے سماج وادی پارٹی اور اپنے گھریلو اختلافات میں وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کی پرزور وکالت کی تھی۔ اور پارٹی میں خلفشار کے لئے ملائم سنگھ یادو کو ذمہ دار قرار دیا تھا۔
جسکے بعد انہیں پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری اور تمام عہدوں کے علاوہ پارٹی کی رکنیت سے بھی چھ برس کے لئے نکال دیا گیا تھا۔ چند روز قبل ایک پریس کانفرنس کے دوران پروفیسر رام گوپال رو دئے تھے۔