نئی دہلی : بینک کے بعد آج اے ٹی ایم سے کیش حاصل کرنے کے لئے اج افرا تفری کا عالم رہا۔ پانچ سو اور ایک ہزار کے نوٹ پر پابندی کے دو دن بعد جمعہ سے اے ٹی ایم سے لوگوں کو کیش ملنے کی بات کہی گئی تھی ، لیکن اب تک لوگوں کو اے ٹی ایم سے کیش نہیں مل پا رہا ہے ۔
یہ معلومات دی گئی تھی کہ جمعرات رات 12 بجے کے بعد سے اے ٹی ایم سے پیسے نکالے جا سکیں گے ، لیکن صبح 8 بجے تک اے ٹی ایم سے پیسے نہ نکال پانے کے سبب لوگ پرشان ہیں ۔ مانا جا رہا تھا کہ اے ٹی ایم چالو ہونے سے جہاں لوگوں کو پیسے نکالنے کا تیسرا متبادل مل جائے گا ، جس کے بعد بینک اور ڈاک خانوں میں بھیڑ کم ہونے کی توقع بھی کی جا رہی تھی ۔
اے ٹی ایم میں کیش کی سپلائی کرنے والی کمپنیوں کے مطابق اے ٹی ایم خدمات کے پوری طرح عام ہونے میں تقریبا 15 دن لگیں گے ۔
ملک بھر کے 2 لاکھ 20 ہزار اے ٹی ایم میں 44 ہزار کروڑ روپے پہنچائے گئے ہیں ۔ اے ٹی ایم میں 100 روپے کے نوٹ کے علاوہ 500 اور 2000 کے نئے نوٹ بھی ڈالے گئے ہیں ۔ 40 ہزار کروڑ قیمت کے نئے نوٹ ہیں ، تو وہیں 4 ہزار کروڑ قیمت کے 100 کے نوٹ ہیں ۔ مانا جا رہا ہے کہ اگلے تین چار دن میں اے ٹی ایم کی خدمات 60 فیصد تک ٹھیک ہو جائیں گی ۔
حکومت کے مطابق ملک کی معیشت میں 16 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کیش ہے ، جس میں 85 فیصد سے زیادہ حصہ داری 500 اور 1000 کے نوٹ کی ہے ، جنہیں بند کرنے کے بعد ملک میں کیش کی قلت دیکھی جا رہی ہے ۔ لیکن کیش کی مار جھیل رہے لوگوں کو حکومت نے تھوڑی راحت یہ بھی دی ہوئی ہے کہ 500 اور 1000 کے پرانے نوٹوں کا استعمال کچھ ضروری کاموں کے لئے کیا جا سکتا ہے ۔
آج رات 12 بجے تک بجلی اور پانی کا بل ، ٹیکس ، چالان اور سرکاری فیس ادا کرنے کے لئے 500 اور 1000 کے نوٹ کا استعمال کر سکتے ہیں ۔ اس سے پہلے حکومت نے ریلوے ، میٹرو اسٹیشن ، ہوائی ٹکٹ ، پٹرول پمپ ، اسپتال ، رسوئی گیس کے لئے ان نوٹوں کے استعمال کی چھوٹ دی تھی ، جو آج آدھی رات کو ختم ہو جائے گی۔