اسلام آباد: ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرے گا پاکستان ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے تصدیق کی ہے کہ بھارت میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان رواں سال دسمبر میں انڈیا کی ریاست امرتسر میں ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شریک ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارت نومبر میں پاکستان میں ہونے والی سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کرچکا ہے اور بھارت کے منفی رویے کے باعث پاکستان میں ہونے والی سارک کانفرنس ملتوی کردی گئی تھی۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان نے مؤثر مہم چلائی ہے اور گذشتہ ہفتے تاشقند میں چھپن ممالک نے کشمیر میں ہونے والے مظالم کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ‘را’ کے جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق ڈوزیر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔
یاد رہے کہ پاک فوج نے بلوچستان سے گرفتار ہندوستانی جاسوس کی ویڈیو جاری کی تھی جس میں کلبھوشن یادیو نے ‘را’ سے تعلق کا اعتراف کیا اور کہا کہ اسے 2013 میں خفیہ ایجنسی ‘را’ میں شامل کیا گیا اور وہ اس وقت بھی ہندوستانی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے۔ پاکستانی سیکیورٹی اداروں نے مارچ 2016 کے آغاز میں ایران سے بلوچستان میں داخل ہونے والے ہندوستانی نیول افسر کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تھا تاہم ان کی گرفتاری کو بعد ازاں اس وقت سامنے لایا گیا تھا جب ایرانی صدر پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد میں موجود تھے۔
ایک سوال کے جواب میں مشیر خارجہ نے افغان طالبان کے وفد کی اسلام آباد آمد کی بھی تصدیق کی تاہم کہا کہ وہ دورے کی تفصیلات سے ‘ابھی آگاہ نہیں کرسکتے’۔ اس سے قبل سرتاج عزیز نے ان رپورٹس سے لاعلمی کا اظہار کیا تھا، جن کے مطابق افغان طالبان کا ایک وفد حال ہی میں اسلام آباد آیا اور پاکستانی حکام کو افغان حکومت کے ساتھ قطر میں ہونے والے ‘خفیہ مذاکرات’ کے حوالے سے بریفنگ دی تھی۔