کہا : دہشت گردی کی پناہ گاہ ہےپڑوسی ملک
گوا . چین جسے پاکستان کا سب سے قریبی مانا جاتا ہے، کے سامنے ہی ہندوستان نے پاکستان کو دہشت گردی پر جم کر لتاڑ لگائی ہے۔ گوا میں منعقدہ آٹھویں برکس چوٹی کانفرنس کے موقع پر وزیر اعظم مودی نے پاکستان پر نشانہ سادھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا پڑوسی دہشت گردی کی پناہ گاہ ہے۔ دنیا بھر کے دہشت گردی کے ماڈیول اسی (پاکستان) سے وابستہ ہیں۔ وہ دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے اور دہشت گردی کی سوچ کو بھی فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کو دہشت گردی کی پناہ گاہ قرار دیا ۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہماری اقتصادی خوشحالی کے لئے براہ راست خطرہ دہشت گردی سے ہے۔ المیہ یہ ہے کہ یہ ایک ایسے ملک سے پنپ رہی ہے جو ہندوستان کے پڑوس میں ہے۔ برکس کو اس خطرے کے خلاف ایک سر میں بولنا چاہئے۔ یہ ملک (پاکستان) نہ صرف دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے ، بلکہ ایسی ذہنیت کو پروان بھی چڑھاتا ہے ، جس کا دعوی ہے کہ سیاسی فوائد کے لئے دہشت گردی صحیح ہے۔
خیال رہے کہ چین ہندوستان کی این ایس جی ممبر شپ کو لے کر مسلسل مخالفت کر رہا ہے۔ علاوہ چین اقوام متحدہ میں جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو بھی دہشت گرد قرار دینے کی مخالفت کرچکا ہے ۔ مسعود اظہر وہی دہشت گرد ہے، جسے 1999 میں قندھار ہائی جیک کیس میں مسافروں کی رہائی کے بدلے بی جے پی حکومت نے چھوڑ دیا تھا۔ پٹھان کوٹ ائیر بیس اور اوڑی ي آرمی کیمپ پر دہشت گردانہ حملہ میں جیش محمد کا ہی ہاتھ تھا۔