بنارس: اترپردیش میں بنارس کے سارناتھ علاقے میں کل رات ہونے والے سڑک حادثہ میں زخمی ایک شخص نے آج دم توڑ دیا۔ اس کے ساتھ ہی حادثے میں مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر دو ہو گئی ہے جبکہ پانچ زخمیوں میں دو کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت بنواری یادو (30) اور سکھو رام (55) کے طور پر ہوئی ہے ۔ دونوں کل دیر رات موٹر سائیکل سے اپنے گھر واپس آ رہے تھے کہ تبھی وہ ایک کار کی زد آگئے ۔ حادثے میں کار نے دیگر پانچ راہگیروں کو بھی کچل دیا اور ایک ستون سے ٹکرا گئی۔ بنواری یادو کی موت موقع پر ہی ہو گئی تھی، جبکہ سکھو رام نے علاج کے دوران آج دم توڑدیا۔ دودھ کے تاجر بنواری اور سکھو ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے ۔ دونوں چوبیپور علاقے کے باشندے تھے ۔ زخمی دو لاگوں کا علاج بنارس ہندو یونیورسٹی ( بی ایچ یو) کے ٹراما سینٹر میں چل رہا ہے ، جبکہ تین دیگر کا علاج ایک پرائیویٹ اسپتال میں کیا جا رہا ہے ۔ پولس نے بتایا کہ حادثے کے بعد کار ڈرائیور اور اس میں سوار ایک دوسرا شخص موقع سے بھاگ گئے تھے ۔ نامعلوم ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور اس کی تلاش کی جا رہی ہے ۔