نئی دہلی: کانگریس نے اپنی بنیاد پر سوال اٹھانے کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ کے بیان پر آج شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پارٹی نے نہیں سوچا تھا کہ وہ اس سطح تک گِر کر بیان دیں گے ۔
کانگریس کے سینئر ترجمان کپِل سبل نے یہاں پارٹی کی معمول کی پریس بریفنگ میں نامہ نگاروں سے کہا کہ بی جے پی صدر نے کانگریس کی بنیاد میں نقص کی بات کہہ کر آزادی کی تحریک کے اہم لیڈر اور ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو، سابق وزرائے اعظم اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کی طرف اشارہ کیا ہے ۔
انہوں نے مسٹر شاہ کا نام لئے بغیر ان پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا ‘جنہوں نے جیل کی ہوا کھائی، جو ریاست سے باہر کئے گئے ، جن کے خلاف قتل کے معاملے ہیں، وہ ہمیں بتائیں گے کہ کس کی بنیاد میں نقص ہے ‘؟
انہوں نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی سربراہ نے ملک کو آزادی دلانے والے پنڈت نہرو، ملک کے لئے قربان ہوئے راجیو گاندھی اور اس اندرا گاندھی میں نقص بتایا ہے جنہیں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی نے درگا کہا تھا۔