اگرتلہ: تریپورہ میں اس سال جنوری سے اب تک ملیریا کی زد میں آنے سے 70 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ دماغی بخار سے ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔ریاستی محکمہ صحت کے ایک ترجمان نے آج بتایا کہ مچھر کاٹنے سے پیدا ہونے والی بیماری کی زد میں آنے سے اس سال جنوری سے اب تک ریاست میں 71 افراد کی موت ہوچکی ہے جن میں سے 70 کی موت ملیریا سے ہوئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دماغی بخار سے ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔ترجمان نے بتایا کہ رواں برس شہری علاقوں میں ڈینگو کے واقعات میں بھی اضافہ درج کیا گیا ہے جبکہ دھالائی اور گموتی اضلاع میں ملیریا کے زیادہ معاملے درج کئے گئے ہیں۔ریاستی وزیر بادل چودھری نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے پہاڑی علاقوں میں مچھروں کی بیماریوں کے خطرے سے نپٹنے کے لئے کثیر المقاصد حکمت عملی تیار کی ہے ۔
مسٹر چودھری نے بتایا کہ محکمہ صحت کے بنیادی ڈھانچہ کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے ۔ پہاڑی علاقوں کے آدیواسیوں کے صحت کی باقاعدہ جانچ کی جارہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ گاؤں میں باقاعدہ طریقے پر اسپتال چلانے کے ساتھ ساتھ ”آشا” کارکنان تمام آدیواسی بستیوں کا دورہ کررہی ہیں۔ ”آشا” کارکنان کے پاس جانچ کے کٹ بھی موجود ہیں اور جہاں بھی انہیں کسی کے بیمار ہونے کی اطلاع ملتی ہے وہ کٹ کی مدد سے بیماری کی جانچ کرتی ہیں۔مسٹر چودھری نے بتایا کہ شہری اور نیم شہری علاقوں میں مچھروں کو مارنے کے لئے وقفے وقفے پر دواؤں کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے ۔ محکمہ صحت ریاست کے لوگوں میں مچھر سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے تئیں بیداری بھی پیدا کررہا ہے ۔