سزا یافتہ 12 افراد نے ہائی کورٹ میں فیصلہ کو کیا چیلنج
احمد آباد : گلبرگہ سوسائٹی قتل عام کیس میں سزا یافتہ 12 افراد نے گجرات ہائی کورٹ میں خصوصی عدالت کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے بھی خصوصی عدالت کے فیصلہ کو چیلنج کرنے والی اپیل کو سماعت کیلئے منظورکرلیا ہے۔ اب معاملہ کی سماعت آنے والے دنوں میں گجرات ہائی کورٹ میں ہوگی ۔ سزا یافتہ دھرمیش شکلا، دلیپ پرمار، بھرت راجپوت، منیش جین، کرشن کمار کلال، جئیش پرمار، کیلاش دھوبی، جئیش جنگر، یوگیندر شیکھاوت، مکیش ساكھلا، امبیش جنگر، مانگےلال جین نے خصوصی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے۔
واضح رہے کہ سال رواں جون میں گلبرگ فسادات کیس کا فیصلہ آیا تھا ۔ فیصلے میں 24 ملزموں کو سزا سنائی گئی تھی۔ 11 کو عمر قید اورایک ملزم کو دس سال اور دیگر سبھی کو ایک سال سے لے کر سات سال تک کی سزا سنائی گئی تھی ۔ خصوصی عدالت نے اس معاملہ میں شامل 36 لوگوں کو بری کر دیا تھا۔ خیال رہے کہ 2002 میں احمد آباد کے چمن پرا علاقے میں واقع گلبرگہ سوسائٹی میں 69 لوگوں کو فسادیوں نے موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ۔