اے ایم یو الیکشن میں طلبہ کا مفاد چاہنے والے طلبہ منتخب ہوں
علی گڑھ :علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ضمیر الدین شاہ ( ریٹائرڈ) نے اے ایم، یو طلبہ یونین اور اے ایم یو کورٹ اراکین کے انتخاب کے امیدواران کے نام جاری مکتوب میں کہا ہے کہ اس انتخاب میں یونیورسٹی اور اس کے طلبہ کے مفادات کا تحفظ کرنے والے طلبہ منتخب ہوکر آئیں کیونکہ فی الوقت سبھی کی توجہ ان انتخابات پر مرکوز ہے اس لئے ان کی خواہش ہے کہ یہ انتخاب ہندوستان کی دیگر یونیورسٹیوں کے لئے رول ماڈل بنے۔
انہوں نے اپنے مکتوب میں کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ طلبہ کے ذریعہ کی جانے والی تقریریں نمونے بن جائیں اور رائے دہندگان کے دل و دماغ پر اپنے اثرات مرتب کریں۔وائس چانسلر نے کہا ہے کہ پوری دنیا کو یہ علم ہونا چاہئے کہ اے ایم یو طلبہ یونین کے لیڈران ملک کے تمام منظر نامہ پر اپنی چھاپ چھوڑ سکتے ہیں اور اس ادارہ کے بانی سرسید احمد خاں کی قائم کردہ اعلیٰ ترین ثقافتی اور اخلاقی اقدار کی روایات کی توقعات کو پورا کرسکتے ہیں۔ وائس چانسلر نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ معطل شدہ طلبہ کو انتخابی مہم میں شامل نہ کریں۔
جنرل شاہ نے کہا ہے کہ انہوں نے بیشتر امیدواران سے تبادلۂ خیال کیا ہے اور چیف الیکشن آفیسر نے اے ایم یو طلبہ یونین کے کوڈ آف کنڈیکٹ اور اے ایم یو کورٹ انتخاب سے وابستہ ایکزیکیوٹو کے ریگولیشنس کی تشہیر کی ہے۔
وائس چانسلر نے انتخاب میں حصہ لینے والے امیدواران اور ان کے حامیان سے اپیل کی ہے کہ وہ قواعد و ضوابط کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کیمپس میں کسی بھی مقام پر پرنٹیڈ پوسٹر نہ لگائیں، گاڑیوں پر ریلیاں نہ نکالیں، کلاسوں میں رخنہ نہ ڈالیںاور کسی بھی طرح ڈسپلن شکنی اور تشددپر مبنی عمل میں ملوث نہ ہوں۔انہوں نے کہا ہے کہ قواعد و ضوابط کی پاسداری نہ کرنے والے امیدواران کی نامزدگی ردّ کرنے کے ساتھ جرمانہ بھی وصول کیا جائے گا۔انہوں نے کہا ہے کہ منتخب امیدواران کو زیادہ جگہ والا رہنے کا مقام نہیں دیا جائے گا۔ وائس چانسلر نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر سماجی عناصر کو یونیورسٹی کی اقامتی سہولیات کا استعمال نہ کرنے دیں۔