مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی کا اظہار تعزیت
نئی دہلی : مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے ناظم عمومی مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے فارسی کے نامور ادیب ودانشور اورمرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے سابق رکن عاملہ وشوریٰ پروفیسر عبدالودوداظہر کے سانحہ ارتحال پر شدید رنج وغم اورافسوس کا اظہار کیاہے اوران کی موت کوعظیم علمی،ادبی،قومی وملی اورجماعتی خسارہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پروفیسرعبدالودود اظہر کواللہ تعالیٰ نے بڑی خوبیوں اورصلاحیتو ںسے نوازاتھا۔اورانہوںنے مختلف دینی،علمی،تعلیمی،سماجی اداروں اورپلیٹ فارموں سے قوم وملت وجماعت اورانسانیت کی بڑی خدمات انجام دیں۔ گذشتہ کل صبح ساڑھے سات بجے چارسال کی طویل علالت کے بعدان کا انتقال ہوگیا۔اوربعدنماز جمعہ قبرستان خواجہ باقی باللہ میں ان کی تدفین عمل میںآئی۔ اناللہ واناالیہ راجعون۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمائے ، جنت الفردوس کا مکین بنائے اور پسماندگان کوصبرجمیل کی توفیق بخشے۔
پریس ریلیز کے مطابق پروفیسرعبدالودواظہرنے ذاکرحسین کالج سے تعلیم حاصل کی اور وہیں لیکچرار مقررہوئے بعدازاں آپ ایران تشریف لے گئے اوروہاں سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔پھر ۱۹۷۰ء میں جب جواہر لعل نہرویونیورسٹی وگیان بھون میں قائم ہوئی تووہ فارسی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر بنائے گئے ۔جہاں آپ متعددبارصدرشعبہ فارسی بنائے گئے۔وہیں اسکول آف ایفروایشین لنگویجز کے ڈین بھی مقررہوئے۔آ پ نے رامائن کا دوجلدوںمیں فارسی ترجمہ کیا۔اسی طرح آپ نے متعددکتابیں لکھیں اورسیمیناروں اوررسالوں کے لیے اہم علمی وتحقیقی مقالات تحریر فرمائے۔آپ متعددعلمی وتحقیقی اداروں سے بھی وابستہ رہے جن میں ساہتیہ اکیڈمی ، غالب اکیڈمی، اردواکیڈمی دہلی وغیرہ قابل ذکرہیں۔آپ جواہر لعل نہرویونیورسٹی کے علاوہ کئی تعلیمی اداروں سے بھی بحیثیت اعلیٰ عہدے دارمنسلک رہے ۔مثلاًکریسنٹ اسکول دریاگنج ،ماڈرن فیل اسکول بارہ ہندوراؤوغیرہ۔
پروفیسر عبدالودوداظہرنے ایک انڈوفرینڈشپ سوسائٹی فارپرموشن آف سینٹرل ایشین لینگویجزقائم کی تھی جس میںتاجک، فارسی، ترکی، ازبک،آرویری زبانوں پرکام ہوتاتھا۔ اس کے آپ صدرنشیں تھے۔آپ کی علمی وادبی نگارشات کی وجہ سے آپ کو نہ صرف ہندوستان بلکہ سینٹرل ایشیااورایران میں بھی نہایت عزت واحترام کی نظرسے دیکھا جاتاتھا۔آپ کی گراں قدر علمی وادبی خدمات کے اعتراف میں ۱۹۸۸ء میںصدرجمہوریہ ایوارڈ سے نوازاگیا۔اسی طرح غالب انسٹی ٹیوٹ نے بھی آپ کواپنے اہم فارسی انعام فخرالدین علی احمدغالب انعام برائے فارسی تحقیق وتنقید سے نوازا۔ پسماندگان میں اہلیہ اوردوصاحب زادے فروخ اور شاہ رخ ہیں۔
پریس ریلیز کے مطابق مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر حافظ محمدیحییٰ دہلوی،ناظم عمومی مولانا اصغرعلی امام مہدی سلفی، نائب امراء حافظ محمدعبدالقیوم،ڈاکٹر سید عبدالعزیز سلفی، ناظم مالیات الحاج وکیل پرویز، نائب ناظم مولانا ریاض احمد سلفی ودیگر ذمہ داران واراکین مجلس عاملہ وشوریٰ وکارکن جمعیت نے بھی پروفیسرعبدالودود اظہر کے انتقال پرگہرے رنج وافسوس کا اظہار کیا ہے۔