اقوام متحدہ نے صیہونی حکومت کے ہاتھوں فلسطینیوں ک گھروں کو مسمار کئے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ادھر فرانس نے گھروں کو گرانے کو غیر قانونی قرار دیا ہے۔
اقوام متحدہ کے کوآرڈینیشن دفتر او سی ایچ اے نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل نے رواں سال کے دوران اب تک غرب اردن اور مشرقی بیت المقدس میں سات سو چھبیس مکانات کو منہدم کیا ہے جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں فلسطینی شہری بے گھر ہو گئے ہیں۔
اقوام متحدہ نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے گذشتہ برس فلسطینیوں کے چھے سو اٹھاسی مکانات کو منہدم کیا تھا۔ اقوام متحدہ کے مذکورہ دفتر نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ صرف دو سے آٹھ اگست تک کے درمیانی عرصے میں مشرقی بیت المقدس میں فلسطینیوں کے بیالیس مکانات کو صیہونی حکومت نے مسمار کیا ہے۔
ادھر فرانس نے بھی فلسطینیوں کے مکانات کو مسمار کرنے کے صیہونی حکومت کے اقدام کی مذمت کی ہے۔ فرانس کی حکومت نے اپنے بیان میں اسرائیل کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔