لکھنؤ: اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں واقع چودھری چرن سنگھ ہوائی اڈے پر آج ایک شخص کو کارتوس سمیت حراست میں لے لیا گیا۔ تہوار اور پاک مقبوضہ کشمیر میں سرجیکل اسٹرائک سے ہائی الرٹ پر چل رہے اتر پردیش میں ہوائی اڈے سے کارتوس سمیت مسافر کو حراست میں لئے جانے سے انتظامی حلقوں میں افراتفری مچ گئی۔ آنا فانا میں ہوائی اڈے کی سیکورٹی پر تعینات سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے جوانوں نے اسے گھیر لیا۔ پولیس کے مطابق اس سے تفصیلی پوچھ تاچھ کی گئی۔ پوچھ گچھ میں اس کے پاس ریوالور کا لائسنس ہونے کی بات سامنے آئی۔ اس نے قبول کیا کہ غلطی سے کارتوس اس کے سامان میں آ گیا۔ اس سے مقامی پولیس نے بھی پوچھ گچھ کی۔ بعد میں اسے چھوڑ دیا گیا۔