مشہور تفریحی پروگرام “انٹرٹینمنٹ ٹونائٹ” کی میزبان نینسی اوڈیل نے شادی کے 12 برس بعد اپنے شوہر کیتھ زوبولووچ سے علاحدگی اختیار کر لی۔
اوڈیل وہ ہی خاتون میزبان ہیں جن کے بارے میں امریکی صدارتی انتخابات کے ریپلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے اور 2005 کے ایک شرم ناک صوتی کلپ میں خاتون میزبان کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا انکشاف کیا تھا۔ اس صوتی کلپ کو امریکی اخبار “واشنگٹن پوسٹ” نے ایک ہفتے قبل افشا کیا تھا۔ اس کے نتیجے میں رائے عامہ سے متعلق سروے میں ٹرمپ کی مقبولیت کو شدید دھچکا پہنچا۔
امریکی ویب سائٹ Us Weekly کے مطابق 50 سالہ خاتون میزبان نے ستمبر میں اپنے شوہر کے خلاف طلاق کا مقدمہ دائر کیا تھا۔ ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اس طلاق کا ٹرمپ کے آڈیو کلپ سے کوئی تعلق نہیں ہے جو مقدمہ دائر کیے جانے کے ایک ماہ بعد منظرعام پر آیا۔
اوڈیل کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اور ان کے شوہر معاملے کو مکمل دوستانہ انداز کے ساتھ لے کر چل رہے ہیں اور دونوں کی اولین ترجیح ان کے تین بچے ہیں۔
اوڈیل نے ٹرمپ کے شرم ناک صوتی کلپ کے منظرعام پر آنے کے بعد ایک بیان اور ٹی وی گفتگو میں اپنے گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے باور کرایا کہ تمام لوگوں کے ساتھ احترام اور مہذب انداز سے پیش آنا چاہیے خواہ اعلانیہ طور پر یا بند دروازوں کے پیچھے۔ اوڈیل نے اس موقف کی سخت مذمت کی کہ عورت کے انسان ہونے کے ناطے مطلوب احترام کے بغیر اس کو کھیل یا تماشے کی چیز سمجھا جائے۔