دبئی: شام میں فوج نے مسلسل فضائی حملوں کے بعد باغیوں کے کنٹرول والے 14 دیہات پر قبضہ کرلیا ہے ۔ سعودی عرب کے اخبار ‘عرب نیوز ‘میں شائع رپورٹ کے مطابق شام کی فوج گزشتہ سال اکتوبر سے باغیوں کے خلاف جارحانہ کارروائی شروع کی ہے ۔اس دوران باغیوں کے کنٹرول والے قریب 100 دیہات پر قبضہ کیا گیا ہے .
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کل فوج نے باغیوں کے کنٹرول والے 14 دیہات پر قبضہ کیا ہے ۔شام اور اتحادی فورسز کی جانب سے گزشتہ سال اکتوبر سے باغیوں کے ساتھ جھڑپیں جاری ہیں ۔شامی فورسز نے باغیوں کے مضبوط گڑھ مانے جانے والے 14گاؤں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے ۔
اتحادی فورسز کا مقصد باغیوں کے زیر کنٹرول ابو ظہور ایئر بیس کو آزاد کرانا ہے تاکہ دارالحکومت دمشق تک جانے والے راستوں کو محفوظ کیا جاسکے ۔ باغیوں نے 2015 میں ابو ظہور ایئر بیس پر قبضہ کیا تھا۔شامی فوج کے مطابق باغیوں کے قبضے سے آزادہونے والے دیہاتوں میں فریجہ، داؤدیہ اور جب القصب شامل ہیں جو ظہور ایئر بیس کے قریب ہیں۔