گجرات۔ شریعت اسلامی کے تحفظ اور اس کی بقا کے لیے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اپیل پر ملک بھر میں دستخطی مہم کا آغاز ہو رہا ہے۔ گجرات میں بھی اس مہم کو شروع کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں احمدآباد کے مسلم علما و دانشوران نے ایک میٹنگ کی جس میں دستخطی مہم کو گجرات بھر میں کس طرح سے آگے بڑھایا جائے اور اس کے لئے کیا کچھ اقدامات اٹھائے جائیں، اس پر بات چیت کی گئی ۔ میٹنگ میں علما کے ساتھ ساتھ مسلم خواتین نے بھی بڑی تعداد میں حصہ لیا۔ اس موقع پر مولانا صدیقی محبوب رحمن قاسمی نے کہا کہ اس میٹنگ کے ذریعے ہمارا مقصد یہ ہے کہ گجرات کی مسلم خواتین کو ایک اسٹیج پر جمع کیا جائے۔ انہیں مسلم پرسنل لا کے اصول اور ضابطہ قرآن و سنت کو بتایا جائے اوران سے ایک فارم بھروایا جائے۔
اس فارم میں نام ، پتہ کے ساتھ ان سے دستخط کرا کے حکومت کوبتایا جائے کہ وہ اسلامی شریعت کے تمام احکام خاص طور پرنکاح، طلاق، خلع، فسخ اور وراثت کے دینی احکام سے پوری طرح مطمئن ہیں اور اس میں تبدیلی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ علما نے بتایا کہ اس تعلق سے احمدآباد کے مختلف علاقوں میں میٹنگ کا اہتمام کیا جائے گا جس میں عورتوں کے دستخط لئے جائیں گے۔ سینٹرل وقف کاؤنسل کے سابق رکن اقبال شیخ نے کہا کہ مسلمان اپنے شرعی قانون میں کسی بھی قسم کی مداخلت برداشت نہیں کرے گا۔ اس کے تحت لوگوں میں بیداری لائی جائے گی۔ اسی لیے دستخطی مہم کی شروعات کی گئی ہے۔