حزب اللہ لبنان کے سربراہ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ سعودیوں نے یمن کےدارالحکومت صنعا میں مجلس عزا پر جان بوجھ کر بمباری کی تھی۔
شب عاشورہ کے موقع پر اپنے ایک خطاب میں سید حسن نصراللہ نے کہا کہ جارح سعودی طیاروں نے دن کی روشنی میں اس بڑے ہال کو نشانہ بنایا جہاں مجلس عزا برپا کی جا رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے میں جان بوجھ کر سینکڑوں عزاداروں کو شہید کیا ہے۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ سعودی عرب کے تمام اندازے اور تخمیے غلط ثابت ہو گئے کیونکہ انہیں توقع تھی کہ وہ محض چند ہفتے میں کام تمام کر دیں گے اور انھیں یمن میں بڑی فوجی کامیابی حاصل ہو جائے گی۔
حزب اللہ کے سربراہ نے واضح کیا کہ سعودی حکومت نے ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصے کے دوران یمن پر انتہائی سنگین حملے کیے ہیں لیکن اس ملک کے مظلوم عوام، بدستور سعودی جارحیت کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں حالانکہ پوری دنیا نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ سید حسن نصراللہ نے شام کی صورتحال کا ذکر کر تے ہوئے کہا کہ سعودی عرب، اسرائیلی مفادات کے تحفظ کی خاطر صدر بشار اسد کو اقتدار سے ہٹانے پر زور دے رہا ہے۔
انہوں یہ بات زور دیکر کہی کہ امریکہ ، سعودی عرب اور خطے کے بعض ممالک بحران شام کے سیاسی حل کو ناکام بنانے کی کوشش رہے ہیں۔